نعت رسول پاک صلی اللہ علیہ وسلم ۔۔۔ جلیل عالی

کی اُسؐ نے اک نگاہ تو ہر شے بدل گئی
صدیوں سے ڈولتی ہوئی دنیا سنبھل گئی

تقریر اُسؐ کی نوبتِ حرفِ خدا بنی
تدبیر اُسؐ کی غایتِ قدرت میں ڈھل گئی

ایسا کبھی ہوا نہیں پوری ہوئی نہ ہو
جو بات بھی زبانِ نبیؐ سے نکل گئی

دریائے نورؐ آ گیا جب اپنے جوش پر
عالم میں دُور دُور تلک اُس کی چھل گئی

ہر اک سوال کا درِ شہؐ سے ملا جواب
کس کس دوار عقل نہیں بہرِ حل گئی

شام و سحر حیات کے محفوظ ہو گئے
ہر غم کی گھات اُسؐ کی توجہ سے ٹل گئی

جب بھی فرازِ وقت سے اُسؐ کی صدا سنی
ہر سمت سے دلوں کی وفا سر کے بل گئی

اک رَو کا راستہ جہاں روکا گیا وہاں
اک لَو ورائے عقل عجب چال چل گئی

عالی اُسیؐ سے سوزِ سخن ہے سو اِس لیے
خالی نہ بیتِ نعت سے کوئی غزل گئی

Related posts

Leave a Comment