نعت رسول پاک صلی اللہ علیہ وسلم ۔۔۔ سید فرخ رضا ترمذی

کھڑا ہوں در پہ لئے اک سوال شاہِ عرب
ترے کرم سے عطا ہو کمال شاہِ عرب

حضور اپنے تو اپنے یہ غیر مانتے ہیں
نہیں ہے آپ کی کوئی مثال شاہِ عرب

تمہارے ماننے والے ہیں سخت مشکل میں
کٹھن گھڑی میں بھی تو ہی سنبھال شاہِ عرب

نفاق و کِذب کے موسم کا راج دھرتی پر
مری زمین کو سچ سے اجال شاہِ عرب

میں کچھ بھی لکھ نہیں سکتاتری عطا کے بغیر
تمہارے اذن سے آئے خیال شاہِ عرب

حسن حسین ،علی ،فاطمہ ترے پیارے
بیان کرتا ہوں ان کے خصال شاہِ عرب

تمہاری نعت سے دل کو سکون ملتا ہے
تمہاری یاد کرے ہے نہال شاہِ عرب

Related posts

Leave a Comment