نعت رسول پاک صلی اللہ علیہ وسلم ۔۔۔ عقیل رحمانی

روح پر عشقِ محمدؐ کی قبا رہنے دے
جسم کی خاک میں بھی نُورِ حرا رہنے دے

شہنشاہوں کی طرح مجھ کو خدا رہنے دے
زندگی بھر مجھے آقا کا گدا رہنے دے

عشق میں ڈوبی ہوئی دل کی فضا رہنے دے
نورِ احمدؐ کو وہاں جلوہ نما رہنے دے

اِن کی مہکی ہوئی چھاؤں میں سکوں ملتا ہے
اُنؐ کی یادوں کا ہر اک پیڑ ہرا رہنے تھے

آپؐ کے سارے غلاموں کا رہوں ادنیٰ غلام
میرے شاہاؐ یہ کرم مجھ پہ سدا رہنے دے

اس میں روشن ہے مرے آقاؐ کی الفت کا چراغ
چارسو دل کے مدینے کی ہوا رہنے دے

مجھ کو دربان بہت جلد نہ روضے سے ہٹا
میری نظروں کو تو جالی سے لگا رہنے دے

گُنبدِ خضرا کی جی بھر کے زیارت کر لے
اپنے اشکوں کو تُو آنکھوں میں چھپا رہنے دے

مجھ کو دیدارِ محمدؐ ہے ملا وقتِ نزع
دوستا! اَب میری آنکھوں کو کھلا رہنے دے

میں تری نظرِ کرم کا رہوں مَنگتا ہر دم
مجھ گنہگار پہ بس اتنی عطا رہنے دے

مجھ کو جنت کی تمنا ہی نہیں کوئی عقیل
مجھ کو سرکارؐ کے قدموں میں پڑا رہنے دے

Related posts

Leave a Comment