محسن اسرار ۔۔۔ کل رات وہ جھگڑتی رہی بات بات پر

کل رات وہ جھگڑتی رہی بات بات پر
اور میں کتاب لکھتا رہا کائنات پر

کیا سوچیے کہ سوچ سے آگے ہے زندگی
پہرے لگا رکھے ہیں کسی نے حیات پر

کیا داستاں سنائیے اُس کے وصال کی
کیا تبصرہ کرے کوئی صحرا کی رات پر

وحشت کوئی ضرور ہے مجھ میں چھپی ہوئی
بھرتی ہے چٹکیاں جو مرے بات بات پر

محسنؔ گئے دنوں کے حوالے سے ان دنوں
ہم غور کر رہے ہیں نئے واقعات پر

Related posts

Leave a Comment