غیروں کا تو ڈرکیا ہے کہ میں کچھ نہیں کہتا
خطرہ مجھے تیرا ہے کہ میں کچھ نہیں کہتا
اظہارِ خموشی میں ہے سو طرح کی فریاد
ظاہر کا یہ پردا ہے کہ میں کچھ نہیں کہتا
آئینہ ہی جب ہو نہ تو کیا طوطی ہو گویا
سارا سبب اس کا ہے کہ میں کچھ نہیں کہتا
کچھ بات اگر تجھ سے کہوں میں تو غضب ہو
اس پر تو یہ غصہ ہے کہ میں کچھ نہیں کہتا
کیا پوچھے ہے مجھ سے مری خاموشی کا باعث
کچھ تو سبب ایسا ہے کہ میں کچھ نہیں کہتا
گر حال حسنؔ اُس سے کہوں میں تو سنے وہ
پر مجھ کو یہ سودا ہے کہ میں کچھ نہیں کہتا