شاہین عباس ۔۔۔ میڈیا ٹرائل (ماہنامہ بیاض لاہور اکتوبر 2023 )

میڈیا ٹرائل

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

ہماری تمھاری ملاقات اَب
اِشتہاروں میں ہوتی ہے
ہوتی رہے گی
کسی پردہ ٔ برق و باراں کی چوکور میں
کائناتوں کی اِن مشتہر منڈیوں میں
اِدھر سے ہمیں اور اْدھر سے تمھیں
عکس بندی کے اسرار دے کر اتارا گیا ہے
ہمیں مطمئن کرنا پڑتا ہے
بازاروں بازاروں
بہکی ہوئی بھیڑ کو
بھیڑ جس کا بھلا نام خلقِ خد اتھا کبھی
اب کسی نام سے بھی پکارو
تو یوں چونک اٹھتا ہے ِمجمع میں ہر کوئی
جیسے اْسی کو بلا یاگیا ہو
لپکتے ہیں لوگ
اپنے ٹی وی کا دروازہ توڑیں گے یکبارگی
اور گھس جائیں گے
نشریے کے مقابل میں مدِ ّ مقابل
جہاں فلم کی بے ادب، بے لحاظ
ایڈٹنگ ہو رہی ہو
اِشتہاروں میں اب مشتہر کچھ بھی کیجے
یہ چھینٹے جو رہ رہ کے خبروں کے اڑتے ہیں
پڑتے ہیں اُن دامنوں پر بھی جو رہ میں
پڑتے نہیں ہیں
بڑا ظالم اِس حاشیے میں کھڑا کیمرا ہے
کوئی دانہ دانہ جگالی کرے
تھا ل کو جس طرح سے بھی خالی کرے
کوئی پوروں کی پوشیدگی میں
عبادت کا رخ موڑ دے
توڑ ڈالے پپوٹوں کی اِک جھرجھری سے
خدا کی چھڑی
کھونٹنی پر لٹکتی ہوئی لاش کوبھی یہ جا چھیڑتا ہے
ہمارا تمھارا کفیل اِس طرف کیمرا‘
اْس طرف کیمرا
ہماری تمھاری ملاقات اب نشریاتی
اِداروں کی رہداریوں میں
نکیلی، کٹیلی اداکاری کرتے ہوئی ہے
تو ہوتی رہے گی
یونہی بے سر وپا
کسی حادثے میں کہیں جیتے مرتے
کسی واقعے کا کبھی پانی بھرتے
اِدھر سے ہمیں اور اْدھر سے تمھیں آنا پڑتا ہے!
معلوم ہے‘
ایک ایسا بھی اندھیر ہے
ایسا بھی پھیر ہے
جس میں ہم آتے ہیں
تم نہیں آتے ہو
دور سکرین پر کچھ بھی آتا نہیں
ایسی مشہوری کوئی چلاتانہیں!!

Related posts

Leave a Comment