صفدر صدیق رضی ۔۔۔ نظم

نظم
۔۔۔۔
کسی کے ہونٹ تجھ سے ہیں کسی کے گال تجھ سے ہیں
کسی کا قدّوقامت اور خدّو خال تجھ سے ہیں
مجھے سب سے محبت ہے
وہ ہے جس کی نظر تجھ سی وہ جس کا رنگ تجھ سا ہے
وہ آنکھیں جس کی تجھ جیسی وہ جس کے بال تجھ سے ہیں
مجھے سب سے محبت ہے
جھلک تیری ہے جس جس شخص کے عہدِجوانی میں
وہ جس کے دن ہیں تجھ سے اورماہ وسال تجھ سے ہیں
مجھے سب سے محبت ہے
وہ جس کا لہجہ تجھ سا ہے وہ جس کی گفتگو تجھ سی
وہ جس کے روزوشب تجھ سے ہیں اور احوال تجھ سے ہیں
مجھے سب سے محبت ہے 
وہ جس کی وضع تجھ سی ہے وہ جس کی طرح تجھ سی ہے
وہ جس کے ڈھنگ تجھ جیسے ہیں اور افعال تجھ سے ہیں
مجھے سب سے محبت ہے

Related posts

Leave a Comment