ممتاز راشد لاہوری ۔۔۔ اقبال راہی کی نذر

دلوں پر کر رہے ہیں بادشاہی
ہمارے محترم اقبال راہی

سدا سے سوچ ہے ان کی فلاحی
بہت سے کام ہیں ان کے رفاہی

یہ ذہن و دل کو رکھتے ہیں منور
مِٹاتے ہیں یہ سینوں کی سیاہی

کھلا ہے آستانہ اِن کے دل کا
نہ قدغن ہے نہ ہے کوئی مناہی

جواباً بانٹتے ہیں مسکراہٹ
کوئی جتنی بکے واہی تباہی

قیادت میں اِنہی کی سربکف ہیں
سُخن کی فوج کے اکثر سپاہی

حقیقت میں یہی ہیں مغلِ اعظم
حقیقت میں یہی ظِلِّ الٰہی

عطا ان کو ہوئی ہے ایسی عظمت
نہیں جاتی مِری حسرت نگاہی

یہ ایسی رفعتوں سے بہرہ ور ہیں
اِنھیں زیبا ہے راشد کجکلاہی

Related posts

Leave a Comment