نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم ۔۔سید ضیاء الدین نعیم

نقصاں سے میں دور رہا ہوں ،بے حد فائدہ پایا ہے
میں نے نبی کے نقش قدم پر جب بھی چل کر دیکھا ہے

پیروی میں جب آپ کی میں نے نفرت چھوڑی لوگوں سے
لوگوں نے بھی پیار سے مجھ کو مسندِ دل پہ بٹھایا ہے

شرمندہ لوگوں کو کرنا آپ کے حکم پہ جب چھوڑا
ذلت و رسوائی سے رب نے ہر ہر گام بچایا ہے

جب سے میٹھے بول کو آپ کی سنت جان کے اپنایا
اہلِ جہاں۔کا تب سے رویہ مجھ سے محبت والا ہے

حرص سے بچنے کی تاکید پہ آپ کی جب سے کان دھرے
ذہن پہ کوئی بوجھ نہیں ہے ، دل بھی ہلکا پھلکا ہے

رزقِ حلال کمانے کے جب حکم کو آپ کے وزن دیا
برکت ہی برکت ہے گھر میں خاص عنایت مولا ہے

بیوی کے چننے میں فقط” دیں "دیکھا، آپ کے فرماں پر
اور مرا گھر رحمتِ رب سے راحت کا کاشانہ ہے

بچوں کو پروان چڑھایا آپ کے فرماں کے موجب
شکر خدا کا ان کی زیست کے رستوں میں بھی اجالا ہے

کیوں نہ نعیم اگلی دنیا میں بھی میں خیر کی آس رکھوں
یہاں تو نبی کے کہے پہ چلنا از حد اچھا پایا ہے

Related posts

Leave a Comment