نعت رسول پاک صلی اللہ علیہ وسلم ۔۔۔ اکرم ناصر

اشرف المخلوق میں جو سب سے اشرف ذات ہے
ذکر اس کا ذکر ہے، اور بات اس کی بات ہے

کل بھی تھا وردِ درودِ پاک ، ہونٹوں پر مرے
آج بھی خیر الوری کی ایک تازہ نعت ہے

ہوں گناہوں پر پشیماں ، رحم یا ربِ رحیم
اشک آنکھوں سے رواں ہیں موسمِ برسات ہے

اک الہ العالمیں ، اک رحمۃ اللعالمیں
اک محمد مصطفی ہیں،اک خدا کی ذات ہے

نعت ہو جائے، تو ہے ان کا کرم ان کی عطا
ورنہ میں کیا ہوں بھلا ، اور کیا مری اوقات ہے

دن تو نکلا آپ کی آمد سے ، ورنہ سچ کہوں
چاند تارے تھے ، پر اکرم رات پھر بھی رات ہے

Related posts

Leave a Comment