نعت رسول پاک صلی اللہ علیہ وسلم ۔۔۔ سرور حسین نقشبندی

خود سکھائے ادب ثنائے رسولؐ
لکھنے لگتا ہوں جب ثنائے رسولؐ

اُنؐ کی چشم کرم سے ممکن ہے
خود سے ہوتی ہے کب ثنائے رسولؐ

دن کی ٹھنڈک درود کا نغمہ
جگمگاتی ہے شب ثنائے رسولؐ

آنکھ ہوتی ہے نم جو پچھلے پہر
ہونے لگتی ہے تب ثنائے رسولؐ

جب سے کھولی شعور نے آنکھیں
تب سے کرتے ہیں لب ثنائے رسولؐ

کیسے خوددار ہو کے جیتے ہیں
یہ سکھاتی ہے ڈھب ثنائے رسولؐ

راضی کرتے ہیں اپنے مولا کو
آؤ کرتے ہیں سب ثنائے رسولؐ

میرے لفظ و خیال میں سرورؔ
روشنی کا سبب ثنائے رسولؐ

Related posts

Leave a Comment