قاضی حبیب الرحمن ۔۔۔۔۔ خاموش مناظر کی خبر آتی ہے

 

خاموش مناظر کی خبر آتی ہے
کچھ روز سے آواز، نظر آتی ہے

جیسے کوئی بِسری ہوئی آوارہ یاد
بے ساختہ سینے میں اُتر آتی ہے

دیکھی ہے اک ایسی بھی سلونی صورت
خلوت میں کچھ اَور نِکھر آتی ہے

کیا جانیے، کیا درد ہے دل کے اندر
بیٹھے بیٹھے جو آنکھ بھر آتی ہے

یوں ہے کہ وہی ظلمتِ شب ہے اب تک
یوں کہنے کو ہر روز سحر آتی ہے

ہر صبح کو زندگی بھُلا کر سب کچھ
ہر شام کو تھک ہار کے گھر آتی ہے

اِس خوف سے سوتے نہیں بستی والے
اک ساعتِ گُم، پچھلے پہَر آتی ہے

اک معرکۂ آب و ہَوا ہے ہر دَم
ہر سانس لہو میں ڈوب کر آتی ہے

دامن میں سموئے ہوئے صد ہا عالم
اک موجِ خاک، روز اِدھر آتی ہے

مٹّی کی مہک، ماں کی محبت کا نشَہ
کچھ نیند عجب، زیرِ شجر آتی ہے

کُھلتا نہیں اَسرار کہ آخر ہر بار
جنگل ہی میں کیوں شامِ سفر آتی ہے

اکثر سالک یہیں خطا کھاتا ہے
منزل سے آگے، رہ گزر آتی ہے

اک عمر، ابھی بے ہنری کے زینے!
تب جا کے کہیں سقفِ ہنر آتی ہے

اس خاک کے چکّر سے رِہائی، معلوم!
ہر روز بہ اندازِ دِگر آتی ہے

ایسی بھی حبیب، دُور اندیشی کیا!
تُہمت تو ازل سے اپنے سَر آتی ہے

 

Related posts

Leave a Comment