کچھ بھی نہیں ہوتا ہے پھر بھی سامنے کیا کیا ہوتا ہے
اپنی بے خوابی کا عالم خواب ہی جیسا ہوتا ہے
ہم بھی اب یہ سوچ رہے ہیں جو ہو گا اچھا ہو گا
تم بھی سوچو جو ہوتا ہے سب کچھ اچھا ہوتا ہے
سارے کام بگڑ جاتے ہیں ایک ذرا سی غفلت سے
یا خاموشی ہو جاتی ہے یا ہنگامہ ہوتا ہے
حیرت یہ ہے اپنے گھر میں کوئی شے موجود نہیں
ہم نے اس کو یاد کیا ہے دیکھیں اب کیا ہوتا ہے
اکثر اہلِ دل عجلت میں خود کو ضائع کرتے ہیں
عشق میں تو جو کچھ ہوتا ہے رفتہ رفتہ ہوتا ہے