ناصر علی سید ۔۔۔ یہ اور بات کہ موجود اپنے گھر میں ہوں

یہ اور بات کہ موجود اپنے گھر میں ہوں
میں تیری سمت مگر مستقل سفر میں ہوں

نہ جانے اگلی گھڑی کیا سے کیا میں بن جائوں
ابھی تو چاک پہ ہوں، دستِ کوزہ گر میں ہوں

میں اپنی فکر کی تجسیم کس طرح سے کروں
بریدہ دست ہوں اور شہرِ بے ہنر میں ہوں

نہ جانے کون سا موسم مجھے ہرا کر دے
لہو کے واسطے بے تاب ہوں، شجر میں ہوں

یہ دوستی بھی عجب چوبِ خشک ہے ناصر
نبھا رہا ہوں مگر ٹوٹنے کے ڈر میں ہوں

Related posts

Leave a Comment