زاہد فخری ۔۔۔ عقیدت (ماہنامہ بیاض لاہور اکتوبر 2023)

ہزار شکر کہ شاعر بنا دیا تو نے
اور اس پہ نعت بھی کہنا سکھا دیا تو نے

سلیقہ تو نے دیا مجھ کو حمد لکھنے کا
کہ شکر کرتے ہیں کیسے بتا دیا تو نے

ترے کرم نے مجھے چھاؤں بانٹنی بخشی
زمینِ فکر پہ برگد اگا دیا تو نے

میں دشمنوں کو بھی دل سے دعائیں دیتا ہوں
لہو میں خیر کا چشمہ بہا دیا تو نے

مٹا دیئے مری دوری کے جتنے صدمے تھے
مرے تو دل میں مدینہ بسا دیا تو نے

درود پڑھ کے میں سویا تو وہ نظر آئے
سلا کے مجھ کو مقدر جگا دیا تونے

وہ نور تھا کہ مرا خواب جگمگا اٹھا
زہے نصیب مجھے کیا دکھا دیا تونے

زمین میری ہوئی، آسمان میرا ہوا
جو درمیان تھا پردہ ہٹا دیا تونے

یہ فخر کم ہے کہ فخری تھا خاک کا ذرہ
اسے فلک کا ستارہ بنا دیا تو نے

Related posts

Leave a Comment