گلزار بخاری ۔۔۔۔ ایسی قدیم آگ میں ڈالا گیا ہوں میں (ماہنامہ بیاض لاہور اکتوبر 2023 )

ایسی قدیم آگ میں ڈالا گیا ہوں میں
محسوس ہو رہا ہے اُجالا گیا ہوں میں

ماحول ہے مرے لیے فردوس کی طرح
جس ڈھنگ کی فضاؤں میں پالا گیا ہوں میں

ماضی کی داستان بھلائی نہ جائے گی
باغِ جناں کے وعدے پہ ٹالا گیا ہوں میں

امکان ہے کہ مصر کی شاہی نصیب ہو
اجڑے ہوئے کنویں سے نکالا گیا ہوں میں

سنبھلا ہوں اس طرح سے کہ گرنا لگا مجھے
گرتے ہوئے لگا کہ سنبھالا گیا ہوں میں

لگنے لگی ہیں پست ہمالا کی چوٹیاں
اتنی بلندیوں پہ اُچھالا گیا ہوں میں

گلزار پانیوں میں خزانہ ضرور ہے
کیوں ورنہ بار بار کھنگالا گیا ہوں میں

Related posts

Leave a Comment