نعت رسول صلی اللہ علیہ وسلم ۔۔۔ توقیر عباس

میں بچوں کو کہانی جب سناتا ہوں
مجسم صدق کی باتیں بتاتا ہوں

اگر پوچھے کوئی ان کی حلیمی کا
میں پیڑوں پر اسے پنچھی دکھاتا ہوں

بتاتا ہوں کہ صادق تھے امیں بھی تھے
میں سب کے سامنے کردار لاتا ہوں

کوئی پوچھے کہ ان کی گفتگو کیا تھی
میں گھر کے قمقمے سارے جلاتا ہوں

حدیثِ علم کی تشریح جب پوچھیں
انھیں پیڑوں پہ لگتے پھل دکھاتا ہوں

سدا تشبیہِ رخسارِ مبارک میں
سبھی کو مصحفِ قرآں دکھاتا ہوں

مجھے جب ان کے لہجے کا بتانا ہو
ملا کر شہد پانی میں پلاتا ہوں

فرشتوں سے محبت کیسے کرنی ہے
میں بچے اپنے کاندھے پر بٹھاتا ہوں

تکبر دل میں جب بھی سر اٹھاتا ہے
کسی اندھے کا پانی بھرنے جاتا ہوں

فصاحت اور بلاغت کا کوئی پوچھے
اسے آیاتِ قرآنی سناتا ہوں

بٹھا کر میں نواسے اپنے کاندھوں پر
چراغِ سنتِ نبوی جلاتا ہوں

مجھے پیغام جب ان کا بتانا ہو
دیا توقیر اندھیرے میں جلاتا ہوں

Related posts

Leave a Comment