نعت رسول پاک صلی اللہ علیہ وسلم ۔۔۔ اکرم ناصر

ہم خدا کو ہی خدا کہتے ہیں
آپ کو اس کی عطا کہتے ہیں

ہے وہی آپ کا جھوٹا پانی
سب جسے آبِ بقا کہتے ہیں

ان کی چوکھٹ کو جو چھو کر آئے
ہم اسے باد صبا کہتے ہیں

زہر آلود ہوا کرتی تھی
شہر کی آب و ہوا کہتے ہیں

لوگ کہہ دیتے ہیں خوشبو اور ہم
تیرے کوچے کی ہوا کہتے ہیں

کوئی لوٹا نہیں در سے خالی
میں نہیں سارے گدا کہتے ہیں

آپ ہی تو ہیں مجسم قرآں
جو یہ کہتے ہیں بجا کہتے ہیں

آپ جس دل کو بھی رونق بخشیں
ہم اسے غار حرا کہتے ہیں

Related posts

Leave a Comment