نعت رسول پاک صلی اللہ علیہ وسلم ۔۔۔ خاور اعجاز

پتھر سے مَیں ہو جائوں گہر سیدِ عالمؐ
مجھ پر بھی عنایت کی نظر سیدِ عالمؐ

باقی ہے جو کچھ زیست مِری ، آپؐ جو چاہیں
ہو جائے مدینہ میں بسر سیدِ عالمؐ

کھُلتا ہے یہی آن کے سب پر دمِ آخر
کوئی نہیں دم ساز ، مگر ، سیدِ عالمؐ

کافی ہے تسّلی کو یہی ایک وسیلہ
مجھ پر رہے وا نعت کا در سیدِ عالمؐ

خاور کو معافی ہو ، اگر چُوک ہُوئی ہو
اُس کو نہیں مدحت کا ہنر سیدِ عالمؐ

Related posts

Leave a Comment