نعت رسول پاک صلی اللہ علیہ وسلم ۔۔۔ محمد انیس انصاری

شب کو راحت مِرے حضورؐ کی ہے
یہ عنایت مِرے حضورؐ کی ہے

کُو بہ کُو کہہ رہی ہے بادِ صبا
یہ صباحت مِرے حضورؐ کی ہے

پُھول جھڑتے ہیں اُنؐ کے ہونٹوں سے
کیا فصاحت مِرے حضورؐ کی ہے

آنکھ بس اُن کے خواب دیکھتی ہے
یہ رفاقت مِرے حضورؐ کی ہے

بے زُبانوں کی بات سُنتے ہیں
کیا سماعت مِرے حضورؐ کی ہے

جو یہودی کے حق میں فیصلہ دے
وہ عدالت مِرے حضورؐ کی ہے

پڑھنا چاہوں گا اپنی نعت، انیس
کیا اجازت مِرے حضورؐ کی ہے

Related posts

Leave a Comment