سرور حسین نقشبندی ۔۔۔ ذکر اِلا ّاللہ

جان و دل کی بہار اِلّااللہ
روح کو دے قرار اِلّااللہ

ایک جلوہ دکھائی دے گا بس
جب ہوا آشکار اِلّااللہ

ورد کرتا ہے غور سے سُن لے
سانس کا تار تار اِلّااللہ

خوف و وحشت سے ماورا ہو جا
صرف کہہ ایک بار اِلّااللہ

چشمہء خیر لاالہ کا ورد
برکتوں کا حصار اِلّااللہ

عاجزی کا عروج ہے اس میں
بندگی کا وقار اِلّااللہ

وقت گریہ یہی وظیفہ کر
دیدۂ اشکبار اِلّااللہ

ایسے دل میں اتر زمانے کے
دل میں سرورؔ اُتار اِلّااللہ

Related posts

Leave a Comment