نعت رسول صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم ۔۔۔ شاہد اشرف

شادمانی میں اک آنسو بھی نکل آیا ہے
 روضۂ شاہ پہ بدّو بھی نکل آیا ہے !

ایک بازو سے ٹکا رکّھا تھا سر جالی پر
 رشک سے دوسرا بازو بھی نکل آیا ہے

محوِ پرواز پرندے ہیں مدینے کی طرف
 دیکھ کر دشت میں آہو بھی نکل آیا ہے

اتنی زرخیز زمیں ہے کہ ثنا کرتے ہوئے
 اک نئی نعت کا پہلو بھی نکل آیا ہے

ہر فصاحت تھی فقط اہلِ عرب کو زیبا
 نعت میں صاحبِ اُردو بھی نکل آیا ہے

دیکھ کر مجھ کو مرے دل نے تعجّب سے کہا
 اوئے! خوش بخت یہاں تُو بھی نکل آیا ہے

صوفیا جانبِ طیبہ ہوئے شاہد تیّار
 قافلہ دیکھ کے سادھو بھی نکل آیا ہے

Related posts

Leave a Comment