نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وسلم ۔۔۔ کامران ناشط

نعت ہی مسلک مرا ، میرا قبیلہ نعت ہے
دو جہانوں میں مرا واحد وسیلہ نعت ہے

جو بھی کوتاہی ہوئی اس کا ازالہ نعت ہے
دل شکستہ زندگی تیری مسیحا نعت ہے

ماں سے سوتے جاگتے بس نعت کی لوری سنی
سو کسی بھی حال میں اپنا اثاثہ نعت ہے

بے سروسامان ہوں پر اطمینانِ قلب ہے
دوستو ! میں سچ کہوں میرا خزانہ نعت ہے

مجھ سے جو پوچھو کتابِ نور کی تفہیم کا
اس کی منشا نعت ہے،اس کا خلاصہ نعت ہے

ان کی نسبت سے مری تعظیم بھی تکریم بھی
کیوں نہ پھر ناشط کہوں میرا حوالہ نعت ہے

Related posts

Leave a Comment