نعت رسول پاک صلی اللہ علیہ وسلم ۔۔۔ جلیل عالی

جادۂ عشق میں تابندہ علم تیرےؐ ہیں
کیا بتائیں ہمیں کیا نقشِ قدم تیرےؐ ہیں

دوسرا کون ہے اس شان کا ممدوح کوئی
وصف جیسے سرِ قرطاس و قلم تیرےؐ ہیں

اک تری ؐ دُھن ہے ہمارے لیے آہنگِ حیات
شوق سینے میں بہم، آنکھ میں نم تیرےؐ ہیں

دل کسی موسم و ماحول کا محتاج نہیں
ہوں کسی حال میں بھی ہم، ہمہ دم تیرےؐ ہیں

کیا مجال آنکھ اٹھے اپنی کسی اور طرف
آخری سانس تلک تیری قسم تیرےؐ ہیں

یاد رکھتی ہے تری ؐ کیفِ دگر میں ان کو
شہرِ توفیق میں جو صاحبِ غم تیرےؐ ہیں

مالکِ کُل نے کیا مولا و مختار تجھےؐ
یہ جہاں تیرا ہے، فردوس و ارم تیرےؐ ہیں

تیرے عشاق سے ملتے ہیں تو رشک آتا ہے
صاف دِکھتا ہے کہ ہم تو کہیں کم تیرےؐ ہیں

اپنے اعمال تو ایسے نہیں پھر بھی آقاؐ
تیری نسبت ہے میسر تو کرم تیرےؐ ہیں

Related posts

Leave a Comment