نہ ابتدا سے نہ انجامِ ناگہاں سے سنی
سنی بھی میری کہانی تو درمیاں سے سنی
اُٹھی نہ تھی جو ابھی حلق سے پرندے کے
وہ چیخ ہم نے چمن میں تنی کماں سے سنی
ملا تھا نطق اُسے بھی پہ نذرِ عجز ہُوا
کتھا یہی تھی جو ہر فردِ بے زباں سے سنی
دراڑ دُور سے ایوان کی نمایاں تھی
زوالِ شہ کی حکایت یہاں وہاں سے سنی
زباں سے خوف میں کٹ جائے جیسے لفظ کوئی
صدائے درد کچھ ایسی ہی آشیاں سے سنی
گماں قفس کا ہر اک گھونسلے پہ ہے ماجد
خبر یہ خیر سے ہر کنجِ گلستا ں سے سنی
