جہاں جہاں کوئی تجھ سا دکھائی دیتا ہے
مگر کہاں کوئی تجھ سا دکھائی دیتا ہے
وہاں ، وہاں کوئی مجھ سا ہی لازمی ہو گا
جہاں ، جہاں کوئی تجھ سا دکھائی دیتا ہے
جہاں جہاں بھی کوئی دیکھنے کی صورت ہو
وہاں وہاں کوئی تجھ سا دکھائی دیتا ہے
رگوں میں دوڑتے اک سرخ اضطراب کے ساتھ
رواں دواں کوئی تجھ سا دکھائی دیتا ہے
ذرا شبیہ سے ملتی تو ہو شبیہہ کوئی
کہوں ، کہ ہاں کوئی تجھ سا دکھائی دیتا ہے
میں دونوں ہاتھ ملاتا ہوں جب دعا کے لیے
تو درمیاں کوئی تجھ سا دکھائی دیتا ہے
