گفتگو لاجواب بیچیں گے
پانی کہہ کر سراب بیچیں گے
یاد رکھنا سدا کے یہ بھوکے
اپنا گھوڑا رکاب بیچیں گے
دیکھ لینا یہ ڈالروں کے عوض
بارشوں کا عذاب بیچیں گے
یہ جوعالی جناب کہتے ہیں
کل یہ عالی جناب بیچیں گے
غم کی قیمت تو ہونے دو معلوم
لوگ خوشیاں شتاب بیچیں گے
حرف و دانش کے ہم امیں ثاقب
خوب دیکھیں گے خواب بیچیں گے
