ایک آسمانی لمحہ ….. معین نظامی

ایک آسمانی لمحہ
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
آج تو آسماں اس قدر صاف ہے
جس قدر میرے بچپن کی صبحوں میں ہوتا تھا
اور بیچ کے تیس برسوں میں
مَیں نے اسے اتنا شفاف دیکھا نہیں
بیچ کے تیس برسوں میں
لگتا ہے دنیا میں صبحیں نہیں تھیں
زمیں پر مرے جسم و جاں کی کثافت تھی
اور آسماں جیسے تھا ہی نہیں
آج تو آسماں
اپنی بھرپور نیلاہٹوں کی معیت میں
موجود ہے
آسماں صاف ہے
اور حدِ نظر تک
کہیں کوئی بادل کا ٹکڑا نہیں ہے
زمیں پر
مرے جسم و جاں کی کثافت سے آگے کی منزل میں
دل ہے
جو شفاف ہے
اور حدِ نظر تک
کہیں کوئی خواہش کا ٹکڑا نہیں ہے

Related posts

Leave a Comment