نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ و آلہ سلم ۔۔۔ یعقوب پرواز

محبت ہو شہِ کونین کی اور انتہائی ہو
یہی ہو زندگی اپنی، یہی اپنی کمائی ہو

ودیعت ہو مجھے بھی حضرتِ حسانؓ کا جذبہ
کچھ اس انداز سے سرکار کی مدحت سرائی ہو

ولائے سیدِ عالم کی یوں تجسیم ہو جائے
ادھر فرمانِ آقا ہو ادھر گردن جھکائی ہو

تصور کاش لے جائے مجھے عہدِ رسالت میں
مدینے کے در و دیوار سے یوں آشنائی ہو

نبی کے اسوۂ  کامل سے بہرہ یاب ہو جاؤں
تو پھر یہ عین ممکن ہے مصائب سے رہائی ہو

اگر ہم چل پڑیں سرکار کی پر نور سیرت پر
تو فتنے ختم ہو جائیں، بھلائی ہی بھلائی ہو

مزا پرواز آ جائے سپرد ِخاک ہونے کا
غلامانِ محمد نے مری میت اٹھائی ہو

Related posts

Leave a Comment