نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم ۔۔جعفر بلوچ

حدیثِ صاحبِ لولاک سے ایماں چمکتے ہیں
نقوشِ دل چمکتے ہیں، حروفِ جاں چمکتے ہیں

سبب ہیں سرورِ کونین ، تنویرِ دو عالم کا
یہ دونوں گھر انھی کے نور سے یکساں چمکتے ہیں

جو پھوٹیں سیرتِ خیر البشر کے خاورستاں سے
انھی کرنوں کی آب و تاب سے انساں چمکتے ہیں

پڑا ہو جن پہ خورشیدِ رسالت کا ذرا  پَرتو
وہ ذرے اوجِ عظمت پر بہر عنواں چمکتے ہیں

کرامت ایک یہ بھی تابشِ عشقِ نبی کی ہے
دلِ عشاق ، مثلِ ذرہ ء فاراں چمکتے ہیں

جو شہرِ علم کے روشن حوالے سے مرتب ہوں
وہی مسند، وہی مصحف، وہی دیواں چمکتے ہیں

میں اپنے تجربے کی روشنی میں عرض کرتا ہوں
فقط انوارِ ذکرِ خیر سے وجداں چمکتے ہیں

حیات افروز ہے جعفر فضا شہرِ شریعت کی
فروغِ دین و دنیا کے یہاں امکاں چمکتے ہیں

Related posts

Leave a Comment