نعت رسول پاک صلی اللہ علیہ وسلم ۔۔۔ اعجاز دانش

سارے جہاں میں دھوم نبیؐ کے نگر کی ہے
وہ سر زمینِ پاک شہِ بحر و بر کی ہے

چھائی ہوئی ہے ارض و سما پر جو ہر طرف
وہ روشنی حضورؐ ترے بام و در کی ہے

ہم کو تو آپؐ ہی کی شفاعت پہ ہے یقیں
اس دل میں کوئی جا نہیں خوف و خطر کی ہے

شعر و سخن پہ کیوں نہ مجھے افتخار ہو
وابستگی حضورؐ سے میرے ہنر کی ہے

جو روشنی ازل سے ابد تک ضیا کرے
ایسی کہاں مجال وہ شمس و قمر کی ہے

جس نے صراطِ حق سے کیا آشنا ہمیں
وہ رحمتِ تمام اسی راہبرؐ کی ہے

جس پر پڑی وہ ہو گیا دنیا سے بے نیاز
دانش نگاہِ ناز وہ خیرالبشرؐ کی ہے

Related posts

Leave a Comment