ڈال کر پانی میں کشتی شاد ہونا چاہیے
شرط ہے مانجھی کو ساحل یاد ہونا چاہیے
ہو اگر انسان سچ کے راستے پر گامزن
اس کے لب پر ہرچہ باد اباد ہونا چاہیے
کاٹ کر کہسار جوئے شیر پیدا کر سکے
بندہ شیریں کے لیے فرہاد ہونا چاہیے
چارسُو فرعون کے پَرتُو نظر آنے لگے
اِک نہ اِک موسیٰ کا بھی ہمزاد ہونا چاہیے
کہہ رہے ہیں دیدہ ور کیوں عدلیہ ہوتے ہوئے
عدل کو بھی صاحبِ اولاد ہونا چاہیے
فرد کی کھوئی توانائی کو واپس لاسکے
چارجر ایسا بھی اک ایجاد ہونا چاہیے
دہر میں گلزار جو باعث تشدد کا بنے
نام ان افراد کا شدّاد ہونا چاہیے
