نعت رسول پاک صلی اللہ علیہ وسلم ۔۔۔ محمد انیس انصاری

آقاؐ کی محبت کا اثر ختم نہ ہو گا
مکّہ سے مدینے کا سفر ختم نہ ہو گا

مخلوق سدا جھولیاں پھیلائے رہے گی
اس پیڑ کی شاخوں پہ ثمر ختم نہ ہو گا

مِلتی رہیں گی نِت نئی لفظوں کو قبائیں
سرمایۂ اربابِ نظر ختم نہ ہو گا

ہر نعت میں گونجے گی ترے عشق کی آواز
حسّانؓ ترا حسنِ ہنر ختم نہ ہو گا

مت پوچھیئے اُس شہرِ مدارات کا احوال
لنگر ہے ، کہ جو شام و سحر ختم نہ ہو گا

جُز حرفِ شکیبائی انیسِ دل و جاناں!
مر جائیں گے پر حشر کا ڈر ختم نہ ہو گا

Related posts

Leave a Comment