گاؤں کی دہلیز پر
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
وہ سماں میری یادوں میں محفوظ ہے
گاؤں سے مَیں چلا
میری ماں اور رشتے کی کچھ بھابھیاں
کچھ بڑی بوڑھیاں
کچھ اڑوسی پڑوسی
چھوڑنے آئے تھے گاؤں کی آخری حد پہ
امرود کے باغ تک
آبدیدہ تھے سب
اپنی امی کی بانہوں سے تم
ہمک کر مری گود میں آ گئے تھے
مسکراہٹ میں برفی گھلی تھی
اور معصوم "غوں غاں”
کہ تالاب کی ننھی لہروں کا میٹھا چھناکا
گائے کے دودھ جیسی مہک
میرے احساس میں گُھل رہی تھی
مگر
تم کو ماں کے حوالے کیا
میری روٹی تھی اُس شہر کے ہاتھ میں
گائے کا دودھ جس کے لیے کچھ نہیں
آدمی کا لہو جس کو مرغوب ہے!
آج جب
کتنے دن ہو گئے، تم کو مٹی کو سونپے ہوئے
تم ہمک کر لپکتے ہو میری طرف
اب مرے پاس لیکن کوئی گود ہے
اور نہ بانہیں
گاؤں ۔۔۔۔ امرود کا باغ
اڑوسی پڑوسی
ایسا لگتا ہے، سب مر چکے ہیں
ہاں!
وہ سماں میری یادوں میں محفوظ ہے