تھل صحرا میں رات گزاری اوِر مقتل میں صبح
اِک کربل میں شام ہُوئی اور اِک کربل میں صبح
سیرِ جہاں کے بعد ہمیں بس اِتنا یاد رہا
جنگل ہی میں رین گذاری اوِر جنگل میں صبح
شہر کی سڑکوں پر دیکھے ہیں ایسے لاغر جسم
جاڑوں کی راتوں میں کرتے اِک کمبل میں صبح
دو پل ہی کا میلہ تھا لیکن اِس جیون میں
پچھلے پل میں شب کا سماں تھا ، اگلے پل میں صبح
یہ تو بے گھر لوگوں کی مجبوری ہوتی ہے
اِک ہوٹل میں شب کاٹی دوجے ہوٹل میں صبح
اِک دو گھونٹ بچے ہوتے تو کوئی بات بھی تھی
کون کرے خاور صاحب خالی بوتل میں صبح
