نعت رسول پاک صلی اللہ علیہ وسلم ۔۔۔ افضل ہزاروی

پا لی آقا کے اگر حسنِ ادا کی خوشبو
مل گئی سمجھو ہمیں قربِ خدا کی خوشبو

آنے والوں کو یہ مہکا ہی کے لوٹاتی ہے
سرخرو آپ سے ہے جود و سخا کی خوشبو

آپ کے دم سے چھٹی حبسِ عداوت کی گھٹن
ہر طرف پھیل گئی مہر و وفا کی خوشبو

جس کو راس آیا گلستانِ محمد کا سفر
اس کی سانسوں میں ہے گلہائے بقا کی خوشبو

خاکِ پا آپ کی یوں لے کے اڑی بادِ صبا
’’ہر طرف پھیل گئی غارِ حرا کی خوشبو‘‘

Related posts

Leave a Comment