نعت رسول پاک صلی اللہ علیہ وسلم ۔۔۔ سید ریاض حسین زیدی

نعتؐ
۔۔۔۔۔
مثالی ہے نمونہ خیر و برکت کی نہایت کا
بنایا ہے خُدا نے آپؐ کو منبع ہدایت کا

حضورؐ آئے ، ہوا سِکہ رواں توحید کا ہر سُو
ہوا پھر خاتمہ غیرِ خُدا کی ہر حکایت کا

رضائے ربِّ اعلیٰ کی ہوئی تعمیل ہر صورت
نہیں آیا زباں پر حرف شکوے اور شکایت کا

مٹایا ایک اک کرکے نشانِ بے اماں یکسر
بداندیشی، غلط کاری کی ہر بے جا روایت کا

صحابہ سیر چشم و بے نیازِ حُبِّ دُنیا ہیں
اُنھیں کافی اشارہ ہے فقط چشمِ عنایت کا

شریعت اور طریقت کے ہوئے روشن سبھی رشتے
منّور آپؐ کے دم سے ہوا جادہ وِلایت کا

غلامی آپؐ ہی کی باعثِ توقیر ہے ہم کو
مُکلّف ہی نہیں یہ ضابطہ حدِّ ارادت کا

انھی کے فیض سے ہم پر کُشادہ تر ہوا رستہ
شرافت کا ، محبت کا ، مروّت کا ، مودّت کا

مُسلّم ہے یہ ہر پہلو سے یکتا ہے یگانہ ہے
بھرم اُونچا ہے سیرت کی روایت کا و رایت کا

ریاضِ خوش ہنر پر نعت کے انوار اُترے ہیں
مزہ اِن میں بہت ہے معنویت کا ، عنایت کا

Related posts

Leave a Comment