نعت رسول پاک صلی اللہ علیہ وسلم ۔۔۔ سید ریاض حسین زیدی

فکروعمل کے حسن کا سامان کر دیا
عزت مآب آپؐ نے انسان کر دیا

یہ معجزہ آپؐ نے دشت وجود کو
خوشبو سے مالا مال گلستان کر دیا

اوہام کی فضا سے بشر کو نکال کر
صدق و صفا کا مرکزی عنوان کر دیا

غیر خدا کے آگے نہ سر کو جھکائیے
واضح ترین آپؐ نے اعلان کر دیا

عصیاں شعار چشمِ زدن میں تھے منقلب
خود کردنی پہ ان کو پشیمان کر دیا

خلقِ عظیم آپؐ کا رشک آفرین ہے
کافر کو جس نے صاحب ایمان کر دیا

راہیں کشادہ ہو گئیں امن و سکون کی
فتنہ گروں کا خواب پریشان کردیا
بے جان پتھروں میں ہنر بولنے لگا
دستِ کرم نے ان کو ثنا خوان کردیا

کیف سرورو جذب دروں سے ہوئی ہے نعت
جس نے ریاض صاحب عرفان کر دیا

Related posts

Leave a Comment