نعت رسول پاک صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم ۔۔۔ رخسانہ صبا

نذرانہء نعت
روشنی کا سلسلہ ہے آپ کی دہلیز پر
بابِ گریہ کھل گیا ہے آپ کی دہلیز پر

دل پہ اک آنسو گرا ہے یا مرا احساس ہے
اک دیا سا جل اٹھا ہے آپ کی دہلیز پر

اسمِ احمد ہے زباں پر روح تک سرشار ہے
درد کا کیا ذائقہ ہے آپ کی دہلیز پر

پاؤں زخمی ہوکے بھی گردش میں ہیں رکتے نہیں
کس بلا کا حوصلہ ہے آپ کی دہلیز پر

پھول، خوشبو، رنگ، تتلی، رات، جگنو، صبح و شام
جو بھی ہے، محوِ ثنا ہے آپ کی دہلیز پر

وجہ ِتخلیقِ ازل اور شافعِ روزِ ابد
وقت جیسے تھم گیا ہے آپ کی دہلیز پر

اے طلب گارِ مدینہ! میں تجھے کیسے بتاؤں
خاک ہے یا کیمیا ہے آپ کی دہلیز پر

کھولتا ہے دل پہ راہِ عشق کے اسرار کون
کون یوں مدحت سرا ہے آپ کی دہلیز پر

Related posts

Leave a Comment