حمد باری تعالیٰ ۔۔۔ خاور اعجاز

لبوں پہ رہتی ہیں ہر دم جو مدحتیں اُس کی
شمار کرتے ہیں ہم اِن کو نعمتیں اُس کی

ہمیں نصیب ہے اِک عاجزی ، زمانے میں
مکان اُس کا ہے ، در اُس کا ، دولتیں اُس کی

کتاب ، ذاتِ محمدؐ ، یہ سانس کی ڈوری
ہم عاصیوں پہ ہیں کیا کیا عنایتیں اُس کی

مکانِ زیست میں ہم اِس طرح سے رہتے ہیں
کہ فرشِ خاک ہمارا ہے اور چھتیں اُس کی

رہِ یقین میں ہم ڈگمگاتے رہتے ہیں
ہمیں سنبھالتی رہتی ہیں رحمتیں اُس کی

Related posts

Leave a Comment