سلام بحضور سيدالشہداء امام حسين عليہ السلام
مہتابِ محرم کی قسم کم نہيں ہوتا
صدياں ہوئيں مولا ترا غم کم نہيں ہوتا
اس اجڑے ہوۓ گھر کی سخاوت نہيں رکتی
وہ ہوں کہ نہ ہوں،ان کا کرم،کم نہيں ہوتا
ديکھو سرِ نيزہ کہ قدِ اہلِ صداقت
سر ہو بھی اگر جاۓ قلم، کم نہيں ہوتا
يوں ہے کہ سلگتے ہيں وہ خيمے مرے اندر
يوں ہے کہ مری آنکھ ميں نم ،کم نہيں ہوتا
اس بات پہ کٹتی ہيں چراغوں کی زبانيں
کيوں تذکرۂ شامِ الم ، کم نہيں ہوتا
يہ قافلۂ حق ہے ،يہ روکے نہيں رکتا
بڑھتا ہے قدم تا بہ قدم ،کم نہيں ہوتا
شاہد يہ کھلا اُسوۂ شبیرؑ سے مجھ پر
تعداد ميں ہوتا ہے جو کم ، کم نہيں ہوتا
