توقیر عباس ۔۔۔ عمر چھ ماہ نام اصغر ہے  

عمر چھ ماہ نام اصغر ہے
عالمِ کم سنی میں حیدر ہے
اک تبسم نکھارتا ہے اسے
جس جوانی کا نام اکبر ہے
حسنِ اکبر پہ ماہتاب نثار
اور اکبر نثارِ اصغر ہے
پیاس کو تیر مارنے والے
ایک بچہ جوان لشکر ہے
وار ایسا کیا تبسم کا
کند بیعت کا اب بھی خنجر ہے
حسن میں ہے وہ اکبر و قاسم
اور شجاعت میں رشکِ حیدر ہے
وہ بہتر میں اک اکیلا تھا
وہ اکیلا بھی اک بہتر ہے
کربلا میں تبسمِ اصغر
دشت میں موج زن سمندر ہے
آج تک چھیدتی ہے سینوں کو
ایک بچے کی پیاس خنجر ہے
اک طرف آب و جام والے ہیں
اک طرف پیاس کا سمندر ہے

Related posts

Leave a Comment