نجیب احمد ۔۔۔ ہونے کو اس دیار میں کیا کچھ ہوا نہیں

ہونے کو اس دیار میں کیا کچھ ہوا نہیں
لیکن وہ ایک تو کہ دوبارہ ملا نہیں

تھوڑ ی سی مختلف یہ کہانی ضرور ہے
لیکن جو ہو رہا ہے تماشا نیا نہیں

کچھ ہو رہا ہے اس کی خبر تو ہوا کو تھی
کیا ہو رہا ہے اس کا کسی کو پتہ نہیں

کیوں کھیلتا ہوں آتش و آہن کا کھیل میں
انسان کے لہو کا اگر ذائقہ نہیں

کیا کیا رہِ سفر میں رکاوٹ کھڑ ی نہ کی
جھونکا مگر ہوا کا کہیں پر رُکا نہیں

سب جانتے ہیں شہر میں قاتل کے نام کو
مرنے کے خوف سے کوئی لب کھولتا نہیں

اب کیا کسی کے ساتھ چلے گفتگو نجیب
اس شہر میں تو کوئی بھی سچ بولتا نہیں

Related posts

Leave a Comment