حمدِ باری تعالیٰ ۔۔۔ نسیمِ سحر

اَور کوئی نہیں چار سُو ، تُو ہی تُو
ہر طرف ایک آوازِ ہُو ، تُو ہی تُو

وجہِ تخلیق و وجہِ نُمُو تُو ہی تُو
سینۂ سنگ میں آبجُو تُو ہی تُو

ہوں ازل تا ابد مَیں سفر در سفر
ہر سفر میں مِری جستجو تُو ہی تُو !

تخلیے میں ہے افضل تِرا تذکرہ
بزم میں حاصلِ گُفتگُو تُو ہی تُو!

میرے رُخ پر خجالت کی زردی بھی ہے
مُجھ کو رکھتا بھی ہے سرخرو تُو ہی تُو

دُور ہم تُجھ سے ہیں، تُو تو ہم سے نہیں !
ہے قریبِ رگِ ہر گلو تُو ہی تُو

رنگ سارے تِرے، نکہتیں سب تِری
پھُول میں صورتِ رنگ و بُو تُو ہی تُو

ہر طرف ہے تِرا نام مہکا ہوا
مُشک تُو ، مُشکبو ، مُشک خو تُو ہی تُو

کون اوجھل بھی ہے ظاہری آنکھ سے
کون جلوہ نُما کُو بکُو؟ تُو ہی تُو

تُو ہی تُو ، تُو ہی تُو ، اَور کچھ بھی نہیں
اَور کچھ بھی نہیں، تُو ہی تُو ، تُو ہی تُو!

چاک دامن نسیمِ سحرؔ آ گیا
کیونکہ اُس کا ہے دستِ رفو تُوہی تُو!

Related posts

Leave a Comment