عذرا مظہر خانپوری ۔۔۔ تلمیحات راز۔۔۔۔ایک جائزہ

  تلمیحات راز۔۔۔۔ایک جائزہ
   
پروفیسر شفیق الر حمٰن الہ آبادی کی شخصیت کسی تعارف کی محتاج نہیں وہ میلسی کے اولین نقاد محقق ہیں۔وہ میلسی رائٹرز فورم کے صدر ہونے کے ساتھ ساتھ گورنمنٹ کالج میلسی کے ’’بزم اقبال‘‘ کے بھی صدرہیں۔اس کے علاوہ وہ کالج میگزین (آب جو) کے مدیر کے عہدے پر بھی فائزہیں۔’’تلمیحات راز‘‘سے پہلے بھی پروفیسر شفیق الر حمٰن الہ آبادی کی چھ کتابیں منصہ شہودپر جلوہ گر ہوچکی ہیں جن میں آئینہ خیال(تحقیق و تنقید)،شاعر علی شاعر کی تخلیقی جہتیں(تحقیق و تنقید)،جاوید صدیق بھٹی کی ادبی مسافت (تحقیق و تنقید)،انوار ادب،ملتان میں اردو شعروادب،گل زیب عباسی کی افسانوی جہتیں شامل ہیں۔ان کی کتاب’’تلمیحات راز‘‘19 نومبر2020ء کو منظر عام پر آئی ۔یہ کتاب فکری وفنی اعتبار سے قابل توجہ اور لائق تحسین ہے۔کتاب کا ٹائٹل دیدہ زیب ہے۔128صفحات پر مشتمل اس کتاب میں کل اکیاون تلمیحات شامل ہیں ۔انتساب فی میل رائڑز فورم میل میلسی کی صدر محترمہ صائمہ ممتاز کے نام ہے۔ اس میں انہوں نے تلمیحات کی تشریح کے لیے بہت سادہ،عام فہم اور آسان الفاظ کا چنائو اس سلیقے سے کیا ہے تاکہ پڑ ھتے وقت قاری کسی مشکل کا شکار نہ ہواور وہ ان تلمیحات میں چھپے مفاہیم سے بہتر انداز سے آشنا ہو سکے۔اس سلسلے میں انھوں نے رفیع الدین راز کے نو شعری مجموعوں میں موجود تلمیحات کو بیان کیاہے اور تمام تلمیحات بہت اہمیت کی حامل ہیں۔اس کتاب کا پیش لفظ شگفتہ خورشید (سینئر سبجیکٹ سپیشلسٹ اردو)نے تحریر کیا ہے۔وہ رفیع الدین راز کی شاعری کے بارے میں لکھتی ہیں کہ ’’جناب رفیع الدین رازصاحب اسلوب شاعرہیں ان کی غزل میں نیا پن اورزندگی کی جھلکیاں ملتی ہیں ۔راز صاحب کی ذاتی زندگی میںا ضطراب ،محرومیاںاور تشنگی کا احساس بہت نمایاں ہے وہ قادرلکلام شاعر ہیں ان کو تمام اصناف سخن پر قدرت حاصل ہے۔ان کی شاعری میں تنوع ،فکر کی گہرائی پائی جاتی ہے۔مشاہدے کی وسعت ،ہمہ گیریت،ذات کا شعوراور تجربے کی تازگی،زمینی وابستگی،جدید وقدیم کا حسن امتزاج جناب رفیع الدین راز کو مستند شاعروں کی صف میں کھڑاکردیتاہے ان کی شاعری میں ہمیشہ زندگی کے آثار نظر آتے ہیں۔‘‘پیش لفظ کے ساتھ مصنف نے راز صاحب کی شاعری کا اجمالی تعارف دیاہے۔ اور ان کی شاعری میں موجود تلمیحات کو حروف تہجی کی ترتیب سے پیش کیاہے۔میں نے تلمیحات راز کا مطالعہ نہایت استغراق سے کیاہے اور اس کتاب کے مطالعے سے مجھے ان تاریخی ،اسلامی اورادبی شخصیات سے آگہی حاصل ہوئی خاص طور پر ارسطو،سکندر،قابیل،محمود غزنوی،خضر علیہ السلام،ارم(جنت)،ایازومحمود،جام جم،شاہ جہاں جیسی تلمیحات خاص طورپر بہت اہمیت کی حامل ہیں۔زیر نظر کتاب کے بیک ٹائٹل پر ڈاکٹر نجیب جمال لکھتے ہیں کہ’’شفیق الرحمٰن الہ آبادی نے راز صاحب کی تلمیحات کو اس طرح موضوع بنایا ہے کہ راز صاحب کی شخصیت اور شاعری کے تجزیے کے ساتھ ساتھ اردو،عربی،فارسی شاعری میں تلمیحات کی روایت بھی پیش نظر رکھی ہے۔‘‘آخرمیں مصنف کاتعارف دیا گیاہے۔ مجھے یہ یقین ہے کہ ان کی یہ کتاب یقیناً پڑھنے والوں کے لیے دلچسپی کا باعث بنے گی اور پسندیدگی کی نگاہ سے دیکھی جائے گی۔خوبصورت سرورق اورفکری مواد پر مبنی یہ کتاب قابل تعریف وتحسین ہے۔

Related posts

Leave a Comment