نعت رسول پاک صلی اللہ علیہ وسلم ۔۔۔۔ اعجاز دانش

اے ربِ کائنات! مدینے میں بیٹھ کر
گزرے مری حیات مدینے میں بیٹھ کر

مدحت لکھوں میں آپؐ کی‘ روضے کے روبرو
بن جائے میری بات مدینے میں بیٹھ کر

کب تک رہوں بھٹکتا زمانے میں بے طرح
پا جاؤں اب ثبات مدینے میں بیٹھ کر

طیبہ کی سر زمین پہ ہر دن ہے روزِ عید
ہر شب ہے شب برات مدینے میں بیٹھ کر

مجھ کو بھی اے خدا یہ سعادت نصیب ہو
لکھوں میں انؐ کی نعت مدینے میں بیٹھ کر

اس سر زمینِ پاک کا ہر دم ہو احترام
ہر پل ہو احتیاط مدینے میں بیٹھ کر

دانش! مری دعا ہے رسولِ اناؐم کی
ہو مجھ پہ التفات مدینے میں بیٹھ کر

Related posts

Leave a Comment