نعت رسول پاک صلی اللہ علیہ وسلم ۔۔۔ سرور حسین نقشبندی

وردِ درود پاک نے ایسا کمال کر دیا
فکر و دل و نگاہ کو شاخِ نہال کر دیا

لہجہ مرے رسول کا معجزۂ مقال تھا
جس نے ہر ایک تند خو شیریں مقال کر دیا

عزتیں بخش دیں تمام کس نے صہیبِ روم کو
کس نے رخِ بلال کو رشکِ جمال کر دیا

نعتِ نبی سے فکر میں ایسے گلاب کھل اٹھے
حرف و خیال و صوت کو خوشبو مثال کر دیا

دونوں جہاں کی دولتیں اس پہ نثار ہو گئیں
جس نے فدا حضور پر مال و منال کر دیا

دیکھا تو ماند پڑ گئے فکر ِغزل کے آفتاب
نعتِ نبی کا جس گھڑی رکھا نکال کر’’دیا’’

ہم نے شعور و آگہی طاق میں جب سے رکھ دیے
جہل کی تیرگی نے تو جینا محال کر دیا

ان کے کرم کامعجزہ سرورِ کم نگاہ دیکھ
تجھ سے بھی کند ذہن کو مدح مقال کر دیا

Related posts

Leave a Comment