کوئی جگنو نہ دیا لائے ہیں
آنکھ میں دل کی ضیا لائے ہیں
ہم ترے قرب کی پہنائی سے
اک نیا بھید اٹھا لائے ہیں
زرد ہے اور بہت گہرا ہے
آپ جو رنگِ حنا لائے ہیں
رقص کرنے کا نہیں ہے یارا
بس ترا حکم بجا لائے ہیں
اک نیا خواب ضرورت تھا ہمیں
اک نئی نیند اٹھا لائے ہیں
ایک فرعون سے ملنے کے لیے
ہاتھ میں ایک عصا لائے ہیں
یہ تو انمول اثاثہ ہے سعید
لوگ جو حرفِ دعا لائے ہیں