ماجد صدیقی ۔۔۔ سرفرازی بھی دے خجالت بھی

سرفرازی بھی دے خجالت بھی
دے شرف تخت، دے رزالت بھی

منصف و مدّعی ہے زور آور
آپ اپنی کرے وکالت بھی

چھُوٹتے ہی جو وار کر ڈالے
نام اُسی کے لگے بسالت بھی

ہم نے دیکھے ہیں بر سرِ عالم
قتل مِن جانبِ عدالت بھی

وہ کہ جو بے خطا ہے، اندر سے
خون کھولائے اُس کی حالت بھی

ضد ہو میزانِ عدل جب ماجد!
کیا کرے بحث کی طوالت بھی

Related posts

Leave a Comment