غزل کو اپنے جنوں سے دراز قد کیے جائیں
ہم اہلِ دِل یونہی آرائشِ خرد کیے جائیں
جگر ہو خوں تو عنایت ہو ایک مصرعۂ تر !!
سخن عطا ہوں تو پھر کیسے مُسترد کیے جائیں
بس ایک شرط پہ میں ہار مان سکتا ہوں
مرے خلاف مرے یار نامزد کیے جائیں
سو طَے ہوا کہ یہ اعجازِ دستِ قدرت ہے
کسی چراغ سے سورج اگر، حسد کیے جائیں
کسی لغت سے وہ مفہوم پا نہیں سکتے!
جو حرف حلقۂ دانشوراں میں رَد کیے جائیں
اور ایک ہم ہیں کہ تسبیح توڑ کر ہمہ دَم
اُس ایک نام کی تکرار بے عدد کیے جائیں
بہا کے اپنے مقدر پہ اشکِ غم مختارؔ !!
چلو اِک اُجڑے ہوئے شخص کی مدد کیے جائیں